ہاپوڑ:اترپردیش میں ہاپوڑ کے گڑھ مکتیشور علاقے میں غیر قانونی طور سے شراب بنانے کے الزام میں حراست میں لئے گئے نوجوان کی بدھ کی شام موت ہونے کا معاملہ روشنی میں آیا ہے ۔اس سلسلے میں اہل خانہ نے آبکاری محکمہ کے تین کانسٹیبلوں سمیت چھ افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا ہے ۔
پولس ذرائع نے یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ کلیان کے میڑھیا کے باشندے 35 سالہ لیکھراج کو بدھ کی صبح آبکاری محکمہ کے تین کانسٹیبل ساگر، وشال اور للت غیر قانونی شراب بنانے کے الزام میں پوچھ گچھ کے لئے پکڑ کر لائے تھے ۔ آبکاری محکمہ کے ملازمین کا کہنا ہے کہ پوچھ گچھ کے بعد انہوں نے لیکھراج کو چھوڑ دیا تھا۔ شام کے وقت لیکھراج کی طبیعت بگڑ گئی۔ لواحقین اسے اسپتال لے گئے جہاں اس کی موت ہو گئی۔ لیکھراج کی موت کے بعد اہل خانہ نے آبکاری محکمہ کے عملے پر پوچھ گچھ کے دوران مارپیٹ کر کے اس کو قتل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ہنگامہ کیا۔ رشتہ داروں کا الزام ہے کہ پوچھ گچھ کے نام پر لیکھراج کے ساتھ مارپیٹ کی گئی جس سے اس کی موت ہوئی ہے ۔ اس سلسلے میں مہلوک کے بھائی نے آبکاری محکمہ کے کانسٹیبل ساگر، وشال اور للت کو نامزد کرتے ہوئے تین دیگر نامعلوم سمیت چھ افراد کے خلاف دفعہ 323 اور 302 کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے ۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے ۔پولیس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے ۔