ہرات: افغانستان کے مغربی شہر ہرات کے قریب ایک گیس سٹیشن پر ہونے والے دھماکے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں دس بچے شامل ہیں۔ ہسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ اس میں 18 دوسرے افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق کیمپ کے پاس ہرات کے نواح میں گیس ٹرمینل پر کئی بڑے دھماکے ہوئے ہیں۔
اس کیمپ میں افغانستان میں جاری جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہو جانے والے افراد تھے۔ حکام کے مطابق دھماکے ہر چند کے شہر کے نواحی علاقے میں ہوئے تاہم اس کی آواز پورے شہر میں سنی گئی اور رات کی تاریکی میں شعلوں کو آسمان میں بلند ہوتے دیکھا گیا۔ حکام کے مطابق دھماکے کی آواز پورے ہرات شہر میں سنی گئی۔
خبر رساں ادارے روئیٹرز کو ہرات کے علاقائی ہسپتال کے ترجمان محمد رفیق شیرازی نے بتایا کہ 11 ہلاکتوں کے علاوہ 18 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان تمام لوگوں کا تعلق اس پناہ گزین کیمپ سے ہے جو کہ گیس ٹرمینل کے پاس واقع ہے۔ ابھی دھماکے کی نوعیت واضح نہیں ہو سکی کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ تھا یا کوئی حادثہ۔ خیال رہے کہ گذشتہ سال جنگجوؤں نے ہرات میں بھارتی قونصل خانے کو نشانہ بنایا تھا اور اس سے ایک سال قبل امریکی قونصل خانے کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔