نئی دہلی: گذشتہ پانچ روز سے جاری ٹرکوں کی ہڑتال کے سبب منڈیوں تک ضروری اشیاءکی فراہمی نہ ہونے سے عام آدمی کے بجٹ پر مزید اثر پڑرہا ہے۔ مہنگائی کے سبب پہلے سے ہی دودھ ، پھل اورسبزیوں کی قیمتیں ہر روز ۱۰ سے ۱۵ فیصد تک بڑھ سکتی ہیں۔ صنعتی تنظیم ایسو چیم نے آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس سے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسی طرح ہڑتال جاری رہی اور اسے ختم نہیں کیا گیا تو منڈیوں تک پھل، دودھ اور سبزیوں کی فراہمی نہیں ہو پائے گی۔ جس سے ان کی قیمتیں بڑھ نے کا اثر عام لوگوں کی جیبوں پر پڑے گا۔ اس کے علاوہ ہڑتال سے حکومت کو نقل و حمل کے ذریعہ حاصل ہونے والے محصول میں اب تک ۳ہزار ۶۰۰ کروڑ روپئے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے ۔ اسی کے ساتھ ہڑتال کی وجہ سے ۲۰ ارب ٹن مال کی ڈھولائی بھی نہیں ہوئی ہے۔ ایسو چیم نے مرکزی حکومت سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔