لکھنؤ(نامہ نگار)ریاست میں خواتین کی حفاظت ، تعلیم اور حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیم’ہرش‘ کی برانڈ ایمبسڈر اپرنا یادونے کہا کہ ہرش کی شروعات ’بی اویئر‘ کا مقصد کالجوں ، کمپنیوں میں سمینار کے ذریعہ لوگوں کو خواتین پر سماج میں بڑے رہے جرائم اور ان سے متعلق قانون کے بارے میں واقف کرانا ہے انہوں نے کہا کہ بڑھتے جرائم کو کم کرنے اور متاثرہ افراد کی خوداعتمادی بڑھانے کیلئے ذمہ دار شہریوں کو اپنے قدم بڑھانا چاہئے۔ ہرش کا کہنا ہے کہ سماج میں بڑھ رہے جرائم کا ایک سبب لوگوں کی خراب ذہنیت ہے۔ جسے تبدیل کر کے ہم خواتین کو ایک بہتر زندگی فراہم کر سکتے ہیں نہ صرف خواتین کو بلکہ آدمیوں کو خواندہ بنانے کیلئے ہرش کی شروعات کا ہدف ہے۔
بی اویئر عوام میں پولیس انتظامیہ پر اعتماد کا جذبہ پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے جس سے ہمارے اتر پردیش میں ایسے نظم ونسق کو فروغ حاصل ہوگا جو لوگوں کے مفاد میں کام کرے۔ ہرش تنظیم نے آج شری درگا شکشا نکیتن، چھوٹا بھروارا گومتی نگر میں خواتین اور لڑکیوں کے تحفظ اور اس سے متعلق دیگر موضوعات پر سمینار کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں طالبات، اساتذہ اور مقامی پولیس تھانہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ان کے حقوق اور خواتین سے متعلق قوانین کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہماری پہلی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کیلئے لڑنے کیلئے رضاکار تنظیمیں ایک اہم کردار ادا کرتی ہیں۔