لکھنؤ(نامہ نگار)چیف سکریٹری آلوک رنجن نے ہدایت دی ہے کہ ریاست غذائیت مشن کے تحت ہر ضلع سے ۴مواضعات کو منتخب کرتے ہوئے ریاست میں کل
۳۰۰ مواضعات کا انتخاب کرکے آنگن باڑی کارکنان کے ذریعہ ناقص غذاکے شکار بچوں کی نشاندہی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈبلیو سی میں تقسیم کئے جانے والے مڈ ڈے میل کے معیار کی مستقل جانچ کی جائے۔ مہم چلا کر ضلع کے چار مواضعات کو ناقص غذا سے پاک بنایاجائے۔ ریاستی غذائیت مشن کے وژن ڈاکیومنٹ کے مطابق نگرانی عملدرآمد ، منصوبہ بندی، اورکارروائی کیلئے ضلع مجسٹریٹ کی صدارت میں ضلع سطحی
کمیٹیوں کی تشکیل جلد کرائی جائے۔ چیف سکریٹری آج شاستری بھون واقع اپنے دفتر کے میٹنگ ہال میں ریاستی غذائیت مشن کی مجلس عاملہ کے جلسہ کی صدارت کررہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ سہ ماہی غذائیت مشن پروگرام کی پیش رفت کا ہر سہ ماہی جائزہ لیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی غذائیت مشن کی جانب سے بچوں میں ناقص غذا کوموثر حل کیلئے متعلقہ محکموں سے رابطہ قائم کرکے تیزی سے کارروائی مقررہ وقت میں کی جائے۔ مسٹر رنجن نے کہا کہ اضلاع میں ناقص غذا کی سطح کی پیمائش کیلئے بیس لائن سروے کرایا جائے تاکہ سروے کے مطابق اضلاع میں غذائیت سے متعلق خدمات کے معیار میں اصلاح کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچوں کے علاج کیلئے غذائیت باز آبادکاری مراکز کو مرحلہ وار طریقے سے فروغ دیاجائے اور چھوٹے بچوں میں انیمیاکیلئے قومی اطفال صحت پروگرام کے تحت آئرن پلس اور آئرن فولک ایسڈ دستیاب کرایاجائے۔