ناگپور : آر ایس ایس نے ایوارڈ لوٹانے کے طریقے پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس سے ہندوستانی قدروں کے تئیں دانشوروں کے عدم رواداری کا پتہ چلتا ہے اور وہ جس سنگھ پر پابندی عائد کرنے کی مانگ کررہے ہیں اس کی وجہ سے ہی ہندوستان اب تک پاکستان نہیں بنا ہے ۔
آر ایس ایس کے ترجمان آرگنائزر میں شائع اداریہ میں کہا گیا ہے کہ بہار الیکشن کے دوران اچانک ادیبوں پر ہونے والے حملوں اور گائے کے گوشت پر پابندی کے قومی موضوع بننے سے تعلیم، فلم، آرٹس، کلچر، میڈیا اور سائنسی برادری کے مشہور افراد میں انعامات واپس کرنے کی دوڑ شروع ہوگئی ہے لیکن ان کے احتجاج کے اس طریقے سے ہندوستانی قدروں اور روایت کے تئیں ان کے عدم رواداری کا اظہار ہوتا ہے ۔