ہانگ کانگ: 33 سالہ لائی چی وائی پانچ سال پہلے پہاڑیوں پر چڑھنے کیچیمپیئن تھیں لیکن 9 دسمبر 20111 کو ایک موٹرسائیکل حادثے نے انہیں ہمیشہ کے لیے چلنے پھرنے سے معذور بنادیا۔ اس حادثے میں کمر سے نیچے ان کا حصہ مفلوج ہوچکاتھا۔
اس سانحے کے بعد ان کے اہلِ خانہ اور دوستوں نے ان کی بھرپور مدد کی اور وہ وھیل چیئر باکسنگ کے مقابلوں میں حصہ لینے لگیں جو چلنے سے معذور افراد میں ارتکاز اور فوکس میں مدد دینے والا ایک نیا کھیل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے دل میں دوبارہ پہاڑ چڑھنے کا شوق پروان چڑھتا رہا۔
پھر 2014 میں انہوں نے دوبارہ مشہور لائن راک پہاڑی پر چڑھنے کا اعلان کردیا لیکن اس بار انہوں نے 495 میٹر بلند اور دشوار پہاڑی پر وھیل چیئر کے ساتھ چڑھنے کا تہیہ کیا۔ 9 دسمبر 2016 لو چی وائی لائن راک عبور کرنے والی پہلی معذور کوہ پیما کا اعزاز حاصل کرلیا۔ انہوں نے فیس بک اسٹیٹس پر لکھا کہ عین اسی تاریخ کی رات میں نے یہ پہاڑ تسخیر کیا جب میں حادثے کا شکار ہوئی تھی اور اب میں پہاڑ کی چوٹی پر بیٹھی ہوں۔
اس کے بعد لوگوں نے ان کی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے چی وائی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ دنیا بھر کے ممتاز کوہ پیماؤں نے انہیں سراہا ہے۔ وائی کی تصاویر دیکھ کر ایک دنیا حیران ہے جس میں انہیں وھیل چیئر کے ساتھ رسی سے اوپر جاتا دیکھا جاسکتا ہے۔ لیکن اس کے لئے انہوں نے شدید مشقت اور ٹریننگ حاصل کی تھی۔
لوگوں کے نزدیک چی وائی کا حوصلہ اور عزم بے مثال ہے۔