نئی دہلی:دہلی کے الگ الگ علاقوں میں گزشتہ شب دو انتہائی کمسن لڑکیوں کی وحشتناک آبروریزی کے واقعات پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دہلی خواتین کمیشن (ڈی سی ڈبلیو) کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے آج ان اندوہناک واقعات کی سخت مذمت کی اور کہا کہ ان جرائم کے خلاف دہلی خواتین کمیشن ہر اقدام کرے گا۔
آج یہاں آبروریزي کے واقعات پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے محترمہ سواتی مالیوال نے کہا کہ “ایک ہفتہ کے اندر یہ تیسرا واقعہ ہے ۔ ہمیں یہ ہرگز گوارا نہیں۔ یہ کیسے شیطان صفت لوگ ہیں جو اس طرح کے وحشتناک جرائم میں ملوث ہوتے ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ “میں ان جرائم کے خلاف جہاں جانا پڑے گا وہاں جاؤں گی۔ ہمیں دہلی میں ایک اور نربھیاکیس دیکھنا نہیں چاہتے ہیں”۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ مغربی دہلی کے نانگلوئي میں چند نامعلوم افراد ڈھائی سال کی ایک بچی کی آبروریزی کی ہے ۔ متاثرہ لڑکی کی ماں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھر کے باہر رام لیلا دیکھ رہی تھی، جہاں سے اس کو اغواء کرلیا گیا تھا۔
ایک دوسرے واقعہ میں مشرقی دہلی کے آنند وہار علاقہ میں پانچ سال کی ایک بچی کی اجتماعی عصمت دری کی گئی ہے ، پولس کے مطابق اس واقعہ کے تینوں ملزمان کوگرفتار کرلیا گیا ہے ۔