لکھنؤ(نامہ نگار)وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ محنت اور ایمانداری سے کوئی بھی شخص اپنے ہدف کو حاصل کر سکتا ہے۔ اپنے ہی درمیان کے لوگوں کو ہیرو منتخب کر کے اس پر عمل کرنا چاہئے۔ یہ پرواہ نہیں کرنا چاہئے کہ کوئی کیا کہتا ہے۔ وہ خود بھی پرواہ نہیں کرتے کہ کوئی کیا کہتا ہے یا پھر کوئی کیا کہے گا؟ وزیراعلیٰ نے یہ بات تب کہی جب پاور کارپوریشن کے ایم ڈی اے پی مشرا نے ایک افسر کے ناطے وزیر اعلیٰ سے اپنی کتاب کا اجراء کرانے میں ہمت نہ پڑنے کی بات ظاہر کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے اے پی مشراکی زندگی کی جدوجہد پر تصنیف کردہ کتاب ’ صفر سے شکھرتک‘ کا آج اپنی قیام گاہ پر اجراء کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اے پی مشرا کی سوچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی مصروفیتوں کے باوجودان کا یہ کام لوگوں کیلئے ح
وصلہ پیدا کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اے پی مشرا نے بجلی محکمہ میں اہم عہدے پر رہتے ہوئے تصنیف کیلئے وقت نکالنا یقینی طور سے قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے ثابت کیا کہ محنت اور ایمانداری سے کوئی بھی شخص کسی بھی ہدف کو حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ک ہمیں اپنا ہیرو تلاش کرنے کیلئے کہیں دور جانے کے بجائے اپنے اس پاس ہی تلاش کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ وقت نہ ملنے کی وجہ سے وہ ادب کی کتابیں تو نہیں پڑھ پاتے لیکن اب ادیبوںکوضرور الگ سے وقت دیںگے۔ وزیر اعلیٰ نے اے پی مشرا کے ذریعہ کمبھ میلہ میں کئے گئے بہتر کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پرنسپل سکریٹری توانائی سنجے اگروال کی قیادت میں محکمہ پورے ٹیم جذبے سے کام کرتے ہوئے عوام کے مسائل حل کرنے میں مصروف ہے۔ مشہور شاعر منور رانا نے تقریب میں کہا کہ اپنی زندگی پر آسانی سے لکھنے والوں کی تعریف کی جانا چاہئے۔ کیونکہ زندگی کی حقیقت لکھنے یا بتانے کی ہمت سبھی میں نہیں ہوتی۔اس سے قبل پروگرام میں موجود سبھی مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اے پی مشرا نے کہا کہ یہ کتاب، غریب اورپسماندہ علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کو ان غلطیوں کو دہرانے سے بچانے کیلئے لکھی گئی ہے جو ان کے ذریعہ بچپن یااسکولی زندگی میں آسانی سے کی گئی تھیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ صفر سے شکھر تک‘لوگوں کیلئے مفید کتاب ثابت ہوگی۔ اس موقع پر پروگرام کی نظامت نونیت مشرا نے کی۔ تقریب میں ریاستی وزیر امبیکا چودھری، رام گووند چودھری، نارد رائے اور یوگیش پرتاپ سنگھ سمیت کئی سینئر افسر موجود تھے۔