گذشتہ کئی ہفتوں سے ترکی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے
ترکی میں فائر بریگیڈ کا عملہ سخت گرمی سے پریشان حال شائقینِ فٹبال کی مدد کو پہنچ گیا اور سٹینڈز میں موجود شائقین پر پانی کی بوچھاڑ کر دی۔
ترکی کے مقامی اخبار پوسٹا نیوز کے مطابق جنوبی صوبے ادانا میں شام کے وقت کھیلے جانے والے میچ کے دوران درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد تھا۔
سخت گرمی اور ہوا میں نمی کے تناسب کے باعث سینکڑوں شائقین پسینے سے شرابور ہو گئے تھے۔ شائقین نے نزدیک ہی موجود آگ بجھانے والی گاڑی کو دیکھ کر ’ہمیں ٹھنڈا کردو‘ کے نعرے لگانے شروع کردیے۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے ان نعروں کا جواب پانے کے پائپوں کا رخ سٹینڈز کی طرف کرکے اور ہر ایک کو پانی میں نہلا کر دیا۔
ایک اور ترک اخبار ڈیلی صباہ کہتا ہے گیلے لیکن خوش شائقینِ فٹبال نے اظہار تشکرکے طورپر ’فائر بریگیڈ کے عملے کے حق میں نعرے بازی‘ کی۔
خیال رہے کہ گذشتہ کئی ہفتوں سے ترکی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہےاور ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے پانچ سے آٹھ ڈگری زیادہ ہے۔ کچھ علاقوں میں پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی پہنچ چکا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کچھ علاقوں میں شدید گرمی کے افسوسناک صورتحال اُس وقت سامنے آئی جب گرمی سے بچنے کے لیے 100 کے قریب افراد نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔