نئی دہلی:پٹھان کوٹ ایربیس پر دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شاہی امام مولاناسیداحمدبخاری نے کہاکہ اس طرح کے حملے کرنے والے ہندوستانی مسلمانوں کو ہر بارسخت آزمائش میں مبتلاء کرتے ہیں۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں امام بخاری نے کہاکہ دہشت گردانہ حرکت کا ایک واقعہ ہندوستان کے کروڑوں مسلمانوں کو نہ صرف سخت آزمائش میں مبتلاء کرتاہے بلکہ ان کے کردار کو بھی مشکوک بنادیتاہے ۔
انہوں نے کہاکہ یہ دہشت گرد ہندوستانی مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں اور ہمیں ان دہشت گردوں کی مذموم حرکتوں کی شدید مذمت کرنی چاہئے ۔
شاہی امام نے کہاکہ آئی ایس(داعش) اس خطہ خاص طورپر ہندوستان کیلئے اتنا خطرناک نہیں ہے جتنے پاکستان اور افغانستان میں بیٹھے یہ دہشت گرد خطرناک ہیں۔
امام بخاری نے کہاکہ ان دہشت گردوں سے نپٹنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ہندوستان اور پاکستان مشترکہ طورپر ان دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے کارروائی کریں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان خود بھی دہشت گردی کا سب سے بڑا نشانہ ہے ۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں خود کش حملوں اور دہشت گردانہ واقعات میں آئے دن بے گناہ اور معصوم شہری مارے جاتے ہیں۔ پشاور میں تقریباً ڈیڑھ سو بچوں کا دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل عام ایسی ہولناک واردات ہے جسے فراموش نہیں کیاجاسکتا۔
انہوں نے کہاکہ جب جب ایساکوئی دہشت گردانہ حملہ ہوتاہے توہندوستان وپاکستان کے درمیان رشتے بہترکرنے کی سمت میں فوری اقدامات کی ضرورت بڑھ جاتی ہے ۔