نئی دہلی18 فروری (یو این آئی) ہندستان میں اسلامی بنک کھولنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہندستان میں باقاعدہ اسلامی بنک کھولنے کے لائسنس دیئے جانے سے قبل اسلامی مالیات کو فروغ دینے اور اس کی تیاری کے لئے ایک ادارہ قائم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ یہ بات ملک کے سینیئر وزیروں نے بتائی ہے۔اقلیتی امور کے وزیر کے رحمان خان نے بتایا ہے کہ اس ادارے کا قیام ایک اہم پہل ہے ہمیں ان بنکوں یا اسلامی بنکوں کی شاخوں کے ذریعہ پیش کئے جانے والے مختلف مالیاتی اسکیموں کے لئے ضابطے تیار کرنے ہونگے۔وہ حج کے خواہشمند لوگوں کے پیسہ جمع کرنے کے واسطے ملیشا کی تابنگ حاجی کی طرح ایک مالیاتی اسکیم بھی شروع کرنا چاہتے ہیں جس میں عازمین سرمایہ لگاسکیں گے۔ اس کے لئے وہ بہت کوششیں کررہے ہیں۔انہوں نے حال ہی میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملیشیا اور کیرالہ کی مادین اکیڈمی کے زیراہتمام کوالالمپور میں ہونے والی بین مذہبی یکجہتی اور رواداری موضوع پر بین الاقوامی سیمینار کے موقع پر عرب نیوز سے بات کرتے ہوے یہ بات کہی تھی۔