نئی دہلی:ہندوستانی بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل سنیل لامبا نے فضائیہ کے لاپتہ طیارہ کی تلاشی مہم کے سلسلہ میں کہا ہے کہ ہندوستانی بحریہ ،ایرفورس اور انڈین کوسٹ کارڈ تال میل کے ذریعہ اس لاپتہ طیارہ کو تلاش کرنے کے کام میں مصروف ہیں۔
انہوں نے قومی دارالحکومت نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تلاشی مہم کے لیے 17جہاز لگائے گئے ہیں جن میں 13جہاز بحریہ اور چار فضائیہ کے جہاز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 250گھنٹوں سے یہ تلاش مہم جاری ہے اور اس سلسلہ میں سٹلائیٹ سے بھی تصاویر حاصل کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس لاپتہ جہاز کے سنسر کے بارے میں بھی معلومات کی جارہی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ان لاپتہ افسروں کے خاندانوں سے بھی لائزن افسر ربط میں ہیں اور ان کو تلاشی مہم کے سلسلہ میں تمام تفصیلات فراہم کی جارہی ہیں۔