تہران:ہندوستان نے آج ایران کے ساتھ آج انتہائی اہمیت کی حامل چابہار بندرگاہ پروجیکٹ کے سمجھوتہ پر دستخط کردیئے جس سے افغانستان تک براہ راست رابطے کے ساتھ ساتھ وسط ایشیائی ممالک تک اس کی رسائی بڑھ جائے گی۔
اس پروجیکٹ کی تکمیل پر پاکستان جائے بغیر ہندوستان کی افغانستان اور دیگر وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ آمدورفت سہل ہوجائے گی۔ چابہار بندرگاہ پہنچنے کے بعد ان ممالک کے ساتھ ایران کے توسط سے ریل اور سڑک رابطہ قائم ہوجائے گا۔
وزیراعظم نریندر مودی اور ایرانی صدر حسن روحانی کی موجودگی میں دونوں ممالک نے چابہار پروجیکٹ کے ساتھ ساتھ 11 دیگر سمجھوتوں پر بھی دستخط کئے ۔ ان لیڈروں نے اس موقع پر مشترکہ نیوز کانفرنس میں اعتماد ظاہر کیا کہ چابہار پروجیکٹ ہندوستان اور ایران کے درمیان تعاون کی نئی علامت بنے گا۔