ڈھاکہ، 22 جنوری (یو این آئی) ہندوستان اپنے شمال مشرقی ریاستوں کیلئے بنگلہ دیش سے ہوکر ٹیلی مواصلاتی رابطے کا نظام قائم کرنے کے امکانا ت پر غور کررہا ہے ۔ اس کے لئے بنگلہ دیش کے اکھورا سے تریپورا کے اگرتلہ کے راستے کو استعمال کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔اس تجویز پر ہندوستان کے وزیراعظم منموہن سنگھ کی شمال مشرقی ریاستوں کے وزراء اعلیٰ سے نئی دہلی میں ہوئی ملاقات کے دوران غوروخوض کیا گیا۔ یہ ملاقات اس خطے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبے پر غور کرنے کیلئے طلب کی گئی تھی۔سرکاری ذرائع کے مطابق ہندوستان نے بنگلہ دیش کے سامنے اکھورا سے اگرتلہ کو جوڑنے کی پیشکش گذشتہ برس رکھی تھی لیکن اس سمت میں ابھی تک کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیلی مواصلاتی رابطوں کا راسہ بنگلہ دیش کے بینا پال سے ہوکر گزرتا ہے جسے اکھورا سے شروع کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ اس تجویز سے ہندوستان کے شمال مشرقی علاقوں میں بنگلہ دیش کے لئے بڑا بازار مل جائے گا۔