نئی دہلی، 28 مئی (یو این آئی) اقوام متحدہ کے خوراک اور زراعت کی تنظیم (ایف اے او) کے مطابق ہندوستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کی کوششوں کے باوجود اب بھی 19 کروڑ 40 لاکھ لوگوں کو پیٹ بھر کھانا نہیں ملتا ہے ۔ایشیا پیسیفک کے بارے میں ایف اے او کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس علاقے نے 2015 تک غذائی قلت کے شکار لوگوں کی تعداد کو نصف کرنے کا میلینیم ترقی اہداف حاصل کر لیا ہے ۔ علاقے میں غذائی قلت کے شکار لوگوں کی تعداد میں 23 کروڑ 60 لاکھ کی کمی آئی ہے لیکن یہ ورلڈ فوڈ کانفرنس کے ہدف سے یہ کافی کم ہے ۔ اس علاقے کے ذیلی علاقوں اور ممالک کے درمیان بہت فرق ہے ۔ مشرقی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشی
ا نے جہاں دونوں مقاصد کو حاصل کر لیا ہے وہیں بڑی آبادی والے جنوبی ایشیا نے کوئی ہدف حاصل نہیں کیا۔رپورٹ کے مطابق ایشیا پیسیفک میں کل 49 کروڑ لوگوں کو پیٹ بھر کھانا نہیں ملتا ہے اور دنیا کی کل غذائی قلت کے شکار آبادی کا 62 فیصد حصہ اسی علاقے میں ہے ۔ ان ممالک میں ایک طرف تو لوگوں میں کیلوری کے ساتھ ساتھ دیگر غذائی اجزاءکی بھی کمی ہے جبکہ دوسری طرف موٹاپا کا مسئلہ بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ ایسے ممالک میں جنوب مغربی پیسیفک جزائر ممالک کے ساتھ ساتھ ہندوستان سمیت ایشیا کے درمیانے آمدنی والے کئی ملک شامل ہیں۔ایشیا پیسیفک کے علاقے میں کل 12 فیصد لوگ غذائی قلت کے شکار ہیں اور انہیں اقتصادی ترقی کا فائدہ نہیں مل پا رہا ہے ۔ اس علاقے کا سب سے بڑا چیلنج نہ صرف خوراک کی پیداوار بڑھانا ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلی جیسے خطرات سے بھی نمٹنا ہے ۔