پٹھان کوٹ: ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں آنے والے 6.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ متعدد عمارتیں بھی متاثر ہوئیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے واقعات ملبہ گرنے کی وجہ سے پیش آئے.
ریاستی دارالحکومت امپھال میں شدید زلزلے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا اور دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں جبکہ ایک نئی تعمیر شدہ چھ منزلہ عمارت بھی زمین بوس ہوگئی۔
انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کےمطابق میانمار اور ہندوستان کی سرحد کے قریب آنے والے زلزلے کی گہرائی 17 کلومیٹر تھی، جبکہ اس کا مرکز امپھال سے 35 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا.
زلزلے کے بعد لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے. عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے جھٹکے تقریباً 60 سیکنڈز تک جاری رہے۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ریاست آسام میں بھی محسوس کیے گئے.