اننت پور: بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے اننت پور ضلعے میں ریلوے کراسنگ پر ٹرین اور ٹرک میں تصادم سے کرناٹک اسمبلی کے رکن سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثہ اننت پور ضلع میں پیش آیا جب ایک ٹرین ریلوے کراسنگ پر پتھروں سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی، حکام کا کہنا ہے حادثے میں کم از کم تین بوگیاں بھی پٹری سے اتر گئیں ہیں جس کی وجہ سے اس روٹ کی دوسری ٹرینیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ٹرین کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
حادثے میں بیس افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ٹرین حادثے میں کرناٹک کے ایم ایل اے وینکٹش نائیک بھی چل بسے۔ وہ رائے چور کے دیودرگ انتخابی حلقے سے ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔
اس سے قبل وہ کئی بار رائے چور پارلیمانی حلقے سے رکن پارلیمنٹ بھی منتخب ہو چکے تھے۔ حادثے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جو امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کام جاری ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں ٹرین اور سڑک حادثات عام ہیں اور ہر سال ہزاروں افراد اس میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔