نئی دہلی: ہندوستان نے اپناپہلا خلائی تحقیقی سیٹلائٹ ایسٹروسیٹ کو کامیابی سے زمین کے مدار میں لانچ کر دیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس شاندار کامیابی کے لئے اسرو اور تمام ہندوستانی سائنس دانوں کو مبارک باد دی ہے ۔ایسٹرو سیٹ کو پی ایس ایل وی سی 30 راکٹ کے ذریعہ خلا میں بھیجا گیا۔اسے ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ یعنی اسرو کی جانب سے آندھرا پردیش کے ضلع نیلور کے سری ہری کوٹہ سے آج صبح داغا گیا۔اس میں ہندوستان کے سٹیلائٹ کے علاوہ کنیڈا ’ انڈونیشیا کے دو سٹیلائٹ اور امریکہ کے چار سٹیلائٹ ہیں ۔اس پرتین سو پچاس کروڑ روپئے کا خرچ آیا ہے ۔اس کی لانچنگ کی الٹی گنتی ہفتہ کے روز شروع ہوئی اور بغیر کسی مشکل کے جاری رہی اور پیر کو دس بجے دن اس راکٹ کو خلا میں چھوڑاگیا۔اس کو کامیابی سے چھوڑنے کے بعد ہندوستان ان چند منتخب ممالک میں شامل ہوگیا ہے جن کے اپنے خلائی آبزرویٹری ہیں۔