مہابلی پورم‘12 اکتوبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی اور چین کے صدر شی جن پنگ نے آج غیر رسمی بات چیت کی اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے اسی طرح کی مزید غیر رسمی مذاکرات سے اتفاق کیا۔
ہندوستان نے چینی شہریوں کے ملٹی انٹری پر پانچ سال کے لئے ٹورست ای ویزا دینے کا اعلا ن کیا۔ یہ اعلان بیجنگ میں واقع ہندوستانی مشن نے کیا۔ انہوں نے کہا ”دونوں ملکوں کے شہریوں کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے مقصد سے چینی شہریوں کے لئے ای ویزا میں رعایت دی جائے گی جس سے زیادہ سے زیادہ چینی سیاح ہندوستان کا دورہ کرسکیں۔“
انہوں نے کہا کہ اس سال اکتوبر سے چینی شہری ملٹی انٹری پر ٹورسٹ ای ویزا کے لئے درخواست د ے سکتے ہیں۔ جس کی مدت پانچ سال کی ہوگی۔ پانچ سال کے لئے ٹورسٹ ای ویزا کے لئے 80 ڈالر فیس ادا کرنا ہوگا۔
اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی او رچین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان یہاں وفد کی سطح پر میٹنگ ہوئی جس میں دونوں لیڈروں نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون میں اضافہ کرنے پر زور دیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان وفد سطح کی میٹنگ کا آغاز کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا”چینئی ہندوستان اور چین کے درمیان رشتوں کا گواہ بنا ہے اور اس میٹنگ سے دونوں ملکوں کے درمیان ایک نیا باب شروع ہورہا ہے۔“