سنہ 2005 سے پہلے جاری کیے جانے والے نوٹوں کی بہ آس. انی شناخت کی جا سکتی ہے کیونکہ ان نوٹوں کی پشت پر اشاعت کا سال درج نہیں ہے . لاقانونی دولت یعنی بلیک منی اور جعلی کرنسی پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے بھارتی ریزرو بینک ( آر بی آئی ) نے سنہ 2005 سے قبل جاری کیے جانے والے تمام نوٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں 500 اور 1000 روپے کے نوٹ بھی شامل ہیں۔
نوٹ واپس لینے کی کارروائی 31 مارچ سنہ 2014 کے بعد شروع کی جائے گی۔ آر بی آئی نے ایک بیان میں کہا ہے: ’31 مارچ 2014 کے بعد وہ سنہ 2005 سے قبل جاری کیے جانے والے تمام بھارتی نوٹ واپس لےگا۔ یکم اپریل سنہ 2014 سے لوگوں کو ان نوٹوں کو تبدیل کرنے کے لیے بینک جانا ہوگا۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سنہ 2005 سے پہلے جاری کیے جانے والے نوٹوں کی بہ آسانی شناخت کی جا سکتی ہے۔ ان نوٹوں کی پشت پر اشاعت کا سال درج نہیں ہے۔
سنہ 2005 کے بعد جاری کیے جانے والے نوٹوں کے پشت پر درمیان میں نیچے کی پٹی پر اس نوٹ کو جاری کیے جانے کا سال درج ہے۔
اس طرح جن نوٹوں پر اشاعت کا سال درج نہیں ہے ان نوٹوں کو بینک کو واپس کرنا ہوگا۔
آر بی آئی نے اس ضمن میں لوگوں سے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے اور انھیں پریشان نہ ہونے کی تلقین کی ہے۔
نئے بینک نوٹ میں سنہ اشاعت کے ساتھ نقالی اور جعل سازی سے حفاظت کے بہت سے اقدام ہیں
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یکم اپریل سنہ 2014 کے بعد بھی 2005 سے قبل کے پرانے نوٹ جائز اور چلن میں رہیں گے لیکن انھیں صرف کسی بھی بینک میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
آر بی آئی نے کہا: ’یکم اپریل سنہ 2014 سے لوگوں کو انھیں تبدیل کرنے کے لیے بینک جانا ہوگا۔ بینک اگلے حکم تک ان نوٹوں کو تبدیل کرنے کی خدمات مہیا کراتے رہیں گے۔‘
واضح رہے کہ یکم جولائی 2014 کے بعد 500 اور 1000 روپے کے 10 سے زیادہ نوٹوں کو تبدیل کرنے والے لوگوں کو بینک میں اپنی شناخت اور رہائش کے ثبوت پیش کرنے ہوں گے۔
مرکزی بینک نے سنہ 2005 سے قبل جاری کیے جانے والے بینک نوٹوں کو واپس لینے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتائی ہے لیکن اسے نقد کے طور پر رکھے جانے والی بلیک منی کو سامنے لانے والے قدم کے طور بتایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نئے بینک نوٹ میں نقالی اور جعل سازی سے حفاظت کے بہت سے اقدام ہیں۔ اس سے جعلی نوٹوں پر کنٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔
بھارت میں ابھی 5 ، 10 ، 20 ، 50 ، 100 ، 500 اور 1000 روپے کے بینک نوٹ چلن میں ہیں۔
آر بی آئی کے اعداد و شمار کے مطابق 31 مارچ 2013 تک 7،351 کروڑ نوٹ استعمال میں تھے اور ان میں سے 14.6 فیصد 500 روپے کے اور 5.9 فیصد ایک ہزار روپے کے نوٹ تھے۔