لکھنؤ: ترپردیش کے کئی اضلاع سمیت کئی اضلاع میں مختلف پارٹیوں نے سماج وادی پارٹی کے کابینی وزیر محمد اعظم خاں کا پتلا نذر آتش کر کے مظاہرہ کیا۔ اس سلسلہ میں ہندو یووا واہنی کے لکھنؤ منطقہ کے کارکنوں نے بھی راجدھانی کے علی گنج علاقہ واقع کپور تھلا چوراہے کے نزدیک پتلا نذر آتش کر کے مظاہرہ کیا۔ واضح ہو کہ گزشتہ دنوں ریاست کے رامپور میں ہندوؤں پر اعظم خاں نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے ہندوؤں کو تبدیلی مذہب کی نصیحت دی تھی اور ایسا نہ کرنے کی حالت میں مکان منہدم کرنے کا بیان دیا تھا جس کی پوری ریاست میں مخالفت کی گئی۔ ضلع جنرل سکریٹری نے کہا کہ اعظم خاں کو متنازعہ بیان دینے کی عادت سی ہو گئی ہے یہ ہندوؤں کی بے عزتی ہے جسے برداشت نہیںکیا جائے گا۔ تنظیم کے ضلع کنوینر اکھنڈ پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ہندو یووا واہنی اعظم خاں کے ایسے بیانوں کی مذمت کرتی ہے اور اگر ریاستی حکومت اعظم خاں پر جلد پابندی نہیں لگاتی تو ریاست میں ہندو یووا واہنی مظاہرہ کرے گی۔ پروگرام کی قیادت ضلع جنرل سکریٹری اکشے جیسوال اور سینئر نائب صدر نیرج مشرا نے کی۔ ساتھ ہی اس مظاہرہ میں خاص طور سے منطقائی اضلاع پنکج سنگھ،ضلع انچارج سنیل سنگھ، ضلع کنوینر اکھنڈ پرتاپ سنگھ، تنظیمی سکریٹری ہریش دوبے اور ضلع انچارج اونیش شریواستو سمیت تمام عہدیدار اور کارکنان موجود تھے۔