بھارتی فلمی صنعت کے مقبول ترین اداکاروں میں سے ایک امیتابھ بچن فلموں میں آنے سے پہلے آل انڈیا ریڈیو میں پیش کار بننا چاہتے تھے اور اس کے لیے انھوں نے آڈیشن بھی دیا جس میں وہ فیل ہوگئے تھے۔تاہم اب چار دہائیوں کے بعد امیتابھ بچن کی آواز ایک بار پھر مائیک سے گونجے گی۔بی بی سی ہندی کے مطابق امیتابھ بچن نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ پر براہِ راست تبصرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ میچ 15 فروری کو کھیلا جانا ہے اور امیتابھ اپنی آنے والی فلم ’شمیتابھ‘ کی تشہیر کے لیے کمنٹری باکس کا رخ کریں گے۔کمنٹری باکس میں امیتابھ بچن کے ساتھ کپل دیو اور شعیب اختر جیسے سابق بھارتی اور پاکستانی کھلاڑی ہوں گے۔فلم کی پروڈکشن ٹیم کے مطابق بھارت اور پاکستان کے میچ
کی مقبولیت کو فلم کی تشہیر کے لیے استعمال کرنے کا یہ اچھا طریقہ ہے۔اس انوکھی تشہیر سے امیتابھ بچن بھی بے حد خوش ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بھارتی شہریوں میں کرکٹ اور سنیما کے بارے میں ایک ہی قسم کے جذبات پائے جاتے ہیں۔خیال رہے کہ کرکٹ کا کھیل پاکستان اور بھارت دونوں میں مقبول ترین کھیل ہے اور کرکٹ کے میدان میں میں دونوں روایتی حریفوں کا مقابلہ کروڑوں افراد بڑے جوش و خروش سے دیکھتے ہیں۔