نئی دہلی (یو این آئی) ہندستان نے ایک ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والی پہلی سب سونک کروز میزائل نربھے کا آج اوڈیشہ کے چاندی پور میں واقع انٹیگریٹر ٹیسٹ رینج سے تجربہ کیا۔ڈی آر ڈی او کے ایک افسر نے بالاسور سے فون پر یو این آئی کو بتایا کہ میزائل کو تقریباً دس بجے داغا گیا۔
نربھے کو امریکہ کے ٹوم ہاک اور پاکستان کے باہر میزائل کا جواب قرار دیا جارہا ہے۔نربھے میزائل کا یہ دوسرا تجربہ تھا۔ پہلا تجربہ گزشتہ سال 12 مارچ کو ہوا تھا جس میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ لانچ پیڈ سے روانہ ہونے کے بعد دو اسٹیج والا نربھے اپنے مقرر راستے پر آگے بڑھتا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ نربھے کی خصوصیت یہ ہے کہ دشمن کے رڈار اس کا پتہ نہیں لگا سکتے ہیں۔ایک سائنس داں نے کہا کہ اس کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ یہ اپنے مقررہ ہدف کے علاقے کا کئی منٹ تک محاصرہ کرتا ہے اور مناسب موقع پاتے ہی ہدف کو نشانہ بنادیتا ہے۔ یہ میزائل ایک ہی فلائٹ میں کئی اہداف کو نشانہ بناسکتا ہے۔اسے مختلف مقامات مثلاً زمین، جہاز، فضا اور زیرآب جہازوں سے بھی داغا جا سکتا ہے۔