نئی دہلی، 4 فروری 0یو این آئی) سعودی عرب نے 2015 میں حج کے لئے ہندستان کے کوٹے میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے اور اس سال بھی گذشتہ برس کی طرح ایک لاکھ 36 ہزار عازمین حج کا کوٹہ مقرر کیا ہے ۔امور خارجہ کے وزیر مملکت وی کے سنگھ اور سعودی عربیہ کے حج امور کے وزیر ڈاکٹر بندر بن محمد حجرکے درمیان کل جدہ میں ہوئی میٹنگ کے بعد سالانہ حج معاہدہ 2015 پر دستخط کئے گئے ۔معاہدہ کے مطابق 2014 کی طرح اس سال بھی ہندستان سے ایک لاکھ 36 ہزار 20 عازمین کو حج کی اجازت دی گئی ہے ۔ ان میں سے ایک لاکھ 20 عازمین حج کمیٹی آّف انڈیا کے ذریعہ اور 36 ہزار عازمین پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے ذریعہ مقدس فریضہ حج ادا کریں گے ۔
سعودی عرب حکومت نے گذشتہ برس حرم شریف میں توسیعی منصوبہ شروع کیا
ہے ۔ اسے علاوہ مدینہ منورہ اور منیٰ میں بھی حاجیوں اور زائرین کی سہولت کے لئے تعمیراتی کام جاری ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر کو عازمین حج کے کوٹے میں 20 فیصد کی کٹوتی کردی گئی ہے ۔گذشتہ سال بھی ہندستانی عازمین کے لئے ایک لاکھ 36 ہزار حاجیوں کا کوٹہ طے کیا گیا تھا جبکہ 2013 اور 2012 میں ہندستانی عازمین کا کوٹہ ایک لاکھ 70 ہزار 25 تھا۔ ان میں سے ایک لاکھ 25 ہزار 25 افرادحج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ حج پر گئے تھے جبکہ 45ہزار نے پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے ذریعہ یہ مقدس فریضہ انجام دیا تھا۔خیال رہے کہ ہندستان کی مختلف ریاستی حج کمیٹیاں پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے کوٹے کے نظم کو ختم کرنے کا مسلسل مطالبہ کرتی رہتی ہیں۔
حج کمیٹیوں کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ ٹور آپریٹر اس کوٹے کی کالابازاری کرتے ہیں اور سیدھے سادھے مسلمانوں کو لوٹتے ہیں۔ ان کا کہناہے کہ ممبئی ، حیدرآباد وغیرہ شہروں سے پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے خلاف مسلسل شکایتیں موصول ہوتی رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق ہندستان نے سعودی عرب سے حج کوٹہ میں اضافہ کرنے کی درخواست کی تھی لیکن سعودی عرب کے حکامنے اس سلسلے میں کوئی قدم اٹھانے سے اپنی معذوری کا اظہار کیا۔میٹنگ میں جنرل وی کے سنگھ نے حاجیوں کے لئے قیام و طعام اور آمدورفت سے متعلق تمام مسائل پر تفصیلی بات چیت کی اور ان سہولیات کو بہتر بنانے پرزور دیتے ہوئے حکومت ہند کی طرف سے ہر ممکن مددکرنے کی بھی پیش کش کی ہے ۔واضح رہے کہ گذشتہ برس متعددحاجیوں نے قیام و طعام اور دیگر سہولیات کے متعلق شکایات کی تھیں۔