دبئی: ہندوستان کے لوگ کچن میں سب سے زیادہ وقت صرف کرنے والے لوگوں میں سرِفہرست ہیں۔
ایک نئے مطالعے میں بائیس ملکوں کے ستائیس ہزار افراد سے زیادہ افراد نے حصہ لیا، سے یہ حقیقت سامنے آئی کہ ہندوستانی لوگ ایک ہفتے کے دوران 13.2 گھنٹے کھانا پکانے میں صرف کرتے ہیں، اور یہ شرح دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔
یہ شرح یوکرائن سے معمولی سی زیادہ ہے، جہاں کے باشندے اوسطاً ایک ہفتے میں 13.1 گھ
نٹے کھانا پکانے کے لیے باورچی خانے میں گزارتے ہیں۔
کھانے کی تیاری میں سب سے زیادہ وقت صرف کرنے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے لوگ ہیں، جو اس کے لیے ہر ہفتے 9.5 گھنٹے صرف کرتے ہیں۔
ان کے بعد انڈونیشیا کے لوگ 8.3 گھنٹوں کی شرح کے ساتھ چوتھے نمبر پر اور اٹلی کے لوگ 7.1 گھنٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
مارکیٹ ریسرچ انسٹیٹیوٹ جی ایف کے کی جانب سے جمع کیے گئے یہ اعدادوشمار غذائی مصنوعات کے کاروبار سے منسلک اداروں کے لیے نہایت قابلِ قدر ہیں۔
ان اعدادوشمار کے مطابق مجموعی طور پر دنیا بھر کے لوگ اوسطاً ایک ہفتے میں محض ساڑھے چھ گھنٹے کھانا پکانے پر خرچ کرتے ہیں۔
ایسے علاقے جہاں کے باشندوں نے تسلیم کیا کہ ان میں برازیل جہاں فی ہفتہ پانچ گھنٹوں سے زیادہ وقت کھانا پکانے پر صرف کیا جاتا ہے، ترکی میں پانچ گھنٹوں سے کم، اور جنوبی کوریا میں ایک ہفتے کے دوران چار گھنٹوں سے بھی کم وقت کھانا پکانے میں صرف کیا جاتا ہے۔
عالمی سطح پر ایک تہائی افراد کا کہنا ہے کہ وہ غذا اور کھانا پکانے کے بارے میں شاندار معلومات اور تجربہ رکھتے ہیں۔
کھانا پکانے کی معلومات اور تجربے کے حوالے سے جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے لوگ اپنی پکانے کی مہارت کے بارے میں سب سے زیادہ پُراعتماد ہیں۔
جنوبی افریقہ کی تقریباً نصف آبادی اور ہندوستانیوں کی 48 فیصد تعداد کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ انہیں کھانا پکانے کی معلومات اور تجربہ ہے۔ اس کے علاوہ اس حوالے سے پانچ سرفہرست ملکوں میں ترکی اور یوکرائن میں چالیس چالیس فیصدلوگ پُراعتماد ہیں، جبکہ انڈونیشیا میں ایسے لوگوں کی تعداد 38 فیصد ہے۔
دوسری جانب کم سے کم پُراعتماد لوگوں کا تعلق ایسے ملکوں سے ہے، جو اپنے شاندار کھانوں سے پہچانے جاتے ہیں، جیسے کہ فرانس اور اسپین، جہاں ہر پانچ میں سے ایک یعنی بیس فیصد افراد کا خیال ہے کہ انہیں کھانا پکانے کی بہترین معلومات اور تجربہ ہے۔
اسی طرح روس اور آسٹریلیا میں بھی تقریباً بیس بیس فیصد افراد ایسے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ وہ کھانا پکانے کی معلومات اور تجربہ رکھتے ہیں۔ اس کے پیچھے بیلجیم ہے، جہاں یہ شرح 19 فیصد ہے، جبکہ جنوبی کوریا میں 13 فیصد ہے۔
اس سروے میں جواب دینے والوں کی عمریں پندرہ برس اور اس سے زیادہ تھیں۔ یہ سروے 2014ء کے موسمِ سرما کے دوران آن لائن یا بالمشافہ منعقد کیا گیا۔
جن ملکوں کا اس سروے میں احاطہ کیا گیا، ان میں ارجنٹینا، آسٹریلیا، بیلجیم، برازیل، کینیڈا، چین، فرانس، جرمنی، ہندوستان، انڈونیشیا، اٹلی، میکسیکو، پولینڈ، روس، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا، اسپین، سوئیڈن، ترکی، برطانیہ، یوکرائن اور امریکا شامل ہیں۔