نئی دہلی۔پاکستان کے عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم اپنے مرحوم ساتھی فلپ ہیوز کیلئے ٹسٹ سیریز جیتنے کی پوری کوشش کرے گی اور ایسے میں ہندوستان کیلئے چیلنج آسان نہیں ہوگا۔اکرم نے ٹسٹ سیریز سے پہلے کہاآسٹریلوی کافی جارحانہ کھیل دکھائیں گے اور ہندوستان کو اس کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ وہ فلپ ہیوز کیلئے سیریز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔ ان کے پاس اچھی ٹیم ہے اور ہندوستان کیلئے انہیں ہرانا آسان نہیں ہوگا۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹسٹ پروگرام کے مطابق اب نو دسمبر سے شروع ہوگا۔ اکرم نے یہ بھی کہا کہ انہیں فاسٹ بولر سین ایبٹ کیلئے خراب لگ رہا ہے جس کے بائونسر سے ہیوز کو چوٹ لگی جس کی وجہ سے اس کی موت ہو گئی۔ انہوں نے کہامجھے نوجوان بولر ایبٹ کیلئے خراب لگ رہا ہے لیکن میں اسے دماغ سے یہ نکالنے کا مشورہ دوں گا۔ یہ کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ اس میں اس کی کوئی غلطی نہیں ہے۔ اس کی کونسلنگ کی گئی ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ واپسی کرے گا۔یہ پوچھنے پر کہ کیا ہندوستانی اور آسٹریلوی بولر اب بائونسر پھینکنے سے گریز کریں گے، اکرم نے کہامجھے نہیں لگتا کہ گیند بازوں کو بائونسر پھینکنا بند کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہالیکن آسٹریلوی ٹیم کیلئے میدان پر لوٹنا جذباتی طور پر کافی مشکل ہوگا لیکن کچھ دن بعد سب عام ہو جائے گا۔بائونسر پھینکتے وقت تیز گیند باز کی ذہنیت کے بارے میں اکرم نے کہاگیندباز کا ارادہ بلے باز کو ڈرانے کا ہوتا ہے، وکٹ لینے کا نہیں۔ ارادہ صرف بلے باز کو ڈرانے کا ہوتا ہے، اسے زخمی کرنے کا نہیں۔