باڑمیر، 27 دسمبر (یو این آئی) پاکستان کے کھوکھرا پار میں کل ہندوستا ن اور پاکستان کے درمیان کمانڈر سطح کی میٹنگ ہوئی جس میں فریقین نے متعدد امور پر تعمیری بات چیت کی۔بی ایس ایف کے ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں ہندوستان نے فلیگ میٹنگوں میں پاکستانی رینجروں کے تاخیر سے پہونچنے ۔ پاکستان مویشیوں کے ممنوعہ علاقے میں چلے آنے اور دراندازی کی مسلسل کوششوں پر اعتراض کیا۔ پاکستان نے ہندوستان نے ان شکایات کااعادہ نہ ہونے کا وعدہ کیا۔ پاکستان نے ہندوستانی سرحد پر لگائی گئی فلڈلائٹوں کا رخ پاکستان کی طرف ہونے سے پاکستانی رینجروں کو پریشانی ہونے کی شکایت کی۔ ہندوستان نے وضاحت کی کہ ان لائٹوں کا رخ ہندوستان کی طرف ہے لیکن تیز ہواوں کے سبب ان کا رخ بدل گیا ہوتو اسے درست کرلیا جائے گا۔دونوں ملکوں نے مشترکہ گشت کے پروگرام پر بھی بات کی۔ میٹنگ تقریباً سات گھنٹے تک چلی۔ ہندوستانی وفد کی قیادت کمانڈنٹ ایم ایل گرگ اور پاکستانی وفد کی قیادت ونگ کمانڈر محمد صدیقی نے کی۔