نئی دہلی (یو این آئی)ہندوستان اور پاکستان نے مسئلہ کشمیر سمیت اہم معاملات حل کرنے میں کافی اہم پیش قدمیاں کی ہیں لیکن اسلام آباد میں اقتدار کے بدل جانے سے ان کوششوں کو دھکا لگا ہے۔ یہ انکشاف ہندوستان کی طرف سے پہلی بار کل یہاں اپنی پریس کانفرنس میں وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کیا۔واضح رہے کہ وزیراعظم کی یہ پریس کانفرنس عہدے پر رہتے ہوئے دس برسوں میں ان کی تیسری پریس کانفرنس تھی جس کے دوران انہوں نے کہا کہ ایک وقت ایسا لگتا تھا کہ ایک اہم پیش قدمی نگاہوں میں آگئی ہے۔ لیکن پاکستان میں کچھ واقعات ہوئے۔ مثال کے طور پر جنرل پرویز مشرف کو اقتدار سے بے دخل ہونا پڑا اور ایک مختلف قسم کی حکومت بنی۔ میرا خیال ہے کہ اقتدار کی تبدیلی کی وجہ سے یہ عمل مزید آگے نہیں بڑھ سکا۔واضح رہے کہ وزیراعظم کو پاکستان کے نئے وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اقتدار کی میعاد ختم ہونے سے پہلے وہ پاکستان جاسکیں گے۔ڈاکٹر منموہن سنگھ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے تمام پڑوسیوں کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات بہتر کرنے کی مقدور بھر کوشش کی ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ انہیں اب بھی اس کا یقین ہے کہ برصغیر ہند کو اپنے تمام ترقیاتی امکانات بروئے کار لانے، غریبی، ناخواندگی اور بیماری سے نجات حاصل کرنے کیلئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آپسی تعلقات بہت ضروری ہیں۔