نئی دہلی:کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے اراکین نے آج پھر سے للت گیٹ اور ویاپم گھوٹالے کے معاملے کی وجہ سے راجیہ سبھا میں ہنگامہ کیا جس کے سبب ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔
ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے بعد کانگریس کی ڈپٹی لیڈر آنند شرمانے کہا کہ ضابطہ 267 کے تحت تمام کارروائی ملتوی کرکے للت گیٹ اور ویاپم گھوٹالے پر بحث کرانے کے لئے چار نوٹس دیئے گئے ہیں۔راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے کہا کہ پہلے بھی ان معاملوں پربحث کے لئے دو تین بار اجازت دی گئی تھی لیکن آپ نے بحث شروع نہیں کی۔مسٹر شرمانے اس کے بعدرولنگ کا معاملہ اٹھایا جس کی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور مختار عباس نقوی نے شدید مخالفت کی اورپوچھاکہ کسی ضابطے کے تحت رولنگ کا معاملہ اٹھایاجارہا ہے ۔ اس کے بعد بھارتیہ جنتاپارٹی کے اراکین کانگریس کے اراکین کی مخالفت کرنے لگے جس کی وجہ سے ایوان میں زبردست شوروغل شروع ہوگیا جس کے بعد ڈپٹی چیئرمین نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔