فیض آباد۔ (نامہ نگار) ۔ہولی کے موقع پر ہوئے تنازعہ میں ایک شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا وہیں تین لڑکوں کو شدید طور پر زخمی کر دیا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق عنایت نگر تھانہ حلقہ کے گاؤں ریوری پورے ہنومان گاؤں میں ہولی کے سلسلہ میں دو فریقوں کے درمیان تنازعہ ہو گیا۔ مار پیٹ کے اس واقعہ میں ۶۵ سالہ سنت رام یادو جہاں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا وہیں اس کے تین بیٹے انل، سندیپ اور سنتوش کو شدید طور پر زخمی کر دیا گیا۔ زخمیوں کو سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ مقتول کے لڑکے انل اور سندیپ کا کہنا ہے کہ رنگ کے سلسلہ میں گاؤں کے ہی ببن سے تنازعہ ہو گیا جس میں اتنا تشدد ہوا کہ ببن اور اس کے اہل خانہ کے افراد نے انہیں مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔ گھر پر جاکر انہوں نے جب اس کی اطلاع اپنے والد سنت رام کو دی تو وہ ببن سے یہ پوچھنے آئے کہ ان کے لڑکوں کو کیوں مارا گیا ۔اس پر جواب دینے کے بجائے ببن اور اس کے گھر والے سنت رام
اور اس کے لڑکوں کو مارنے پیٹنے لگے جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ دوسری طرف عنایت نگر تھانہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ ایک لڑکی سے چھیڑ خانی کا ہے۔ مشتعل ببن کے گھر والوں نے سنت رام اور اس کے لڑکوں کو مارا پیٹا جس سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ تھانہ پولیس نے دفعہ ۱۴/۷۸ آئی پی سی کی دفعہ ۳۰۲ کے تحت ببن وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے لیکن خبر لکھے جانے تک گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔