مظفر پور، 11 فروری (یو این آئی) بہار میں اس شہر کے صدر تھانہ علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں پولیس نے چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں پاسپورٹ برآمد کئے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ لوگوں کو غیر قانونی طریقے پر بیرونی ممالک بھیجنے کے کام میں سرگرم ایک گروہ کے ٹھکانے سے یہ پاسپورٹ برآمد کئے گئے ہیں۔سینیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ رنجیت کمارمشرا نے آج یہاں بتایا کہ اطلاع ملنے پر مظفر پور شہر میں واقع ایک ہوٹل میں چھاپہ مار کر لوگوں کو بیرونی ممالک بھیجنے کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث ایک گروہ کا پتہ لگایا گیا ہے ۔ چھاپے کے دوران پولیس نے 55 پاسپورٹ
کے ساتھ کئی اہم دستاویزات برآمد کئے ہیں۔ اس بات کی جانچ کی جارہی ہے کہ برآمد پاسپورٹ اصلی ہیں یا جعلی ہیں۔مسٹر مشرانے بتایا کہ چھاپے کی بھنک لگتے ہی وہاں موجود تمام افراد فرار ہوگئے ۔ برآمد پاسپورٹ کے علاوہ تھائی لینڈ ، ملیشیا اور ابوظہبی کے کئی ویزے ، موبائل فون، بنک کے کاغذات اور چیک بک ملے ہیں۔