نیویارک: ہٹلر کی نازی حکومت پر بننے والی واحد منفرد امریکی فلم کا اکلوتا پچھتر برس پرانا پرنٹ برسلز کے آرکائیو سے برآمد ہوگیا۔ پرنٹ کو ری ماسٹر کرنے کے بعد نیویارک میوزیم آف ماڈرن آرٹ میں پیش کیا جائے گا۔ ہٹلرز رین آف ٹیرر کی فلمبندی کورنیلئیس وینڈر بلٹ نے کی ہے۔ نادر مناظر پر مبنی اس فلم کو وینڈر بلٹ نے کسی طرح امریکا اسمگل کیا۔ ایک گھنٹے سے بھی کم دورانئے کی اس فلم میں انیس سو تینتیس میں نازی جماعت کی انتخابی ریلیوں کی نادر و نایاب فوٹیج کے ساتھ ساتھ یہودیوں کی کتابوں اور املاک کو نذرآتش کیے جانے کے مناظر بھی شامل ہیں۔ نیویارک میں اس فلم کے پریمیئر نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ فلم بیلجئم میں دکھانے کے لیے کسی شخص نے منگوائی لیکن وصول نہیں کی اور وہ برسلز کے کسٹم آرکائیو میں ہی پڑی رہ گئی۔ فلم کی ریل کو ری ماسٹر کرنے کے بعد نیویارک میوزیم آف ماڈرن آرٹ میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔