جے پور: راجستھا کے دوسہ کے نزدیک لال سوڑھ تراہے کے قریب کل رات کار حادثہ میں زخمی ہونے والی معروف اداکارہ اور ممبر پارلیمنٹ ہیمامالنی کی حالت اب خطرے سے باہر ہے ۔ راجستھان کی پولیس نے اس حادثے کے سلسلے میں ہیما مالنی کے ڈرائیور کو آج گرفتار کرلیا ہے ۔ہیمامالنی کا جے پور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں علاج چل رہا ہے ۔ ان کے سر، آنکھ اور پیر میں چوٹیں آئی ہیں۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر ان کی بیٹی ایشا دیول، داماد بھرت، چھوٹی بیٹی آئینا اور داماد ویبھو اسپتال پہنچ گئے ہیں ۔واضح رہے کہ متھرا سے بی جے پی ایم پی ہیمامالنی آگرہ سے جے پور آ رہی تھیں کہ دوسہ کے نزدیک لال سوڑھ کے قریب ان کی کار سامنے سے آ رہی آلٹو کار سے ٹکرا گئی جس سے ایک بچی چنی (5) ہلاک اور چھ دیگر افراد زخمی ہوگئے ۔ آلٹو کے ڈرائیور نے ہیمامالنی کے کار کے ڈرائیور کے خلاف لاپروائی سے گاڑی چلانے کا مقدمہ درج کرایا ہے ۔ پولیس نے کار ڈرائیور مہیش ٹھاکر کو گرفتار کرلیا ہے ۔