ممبئی۔(وارتا)۔ بالی ووڈ کے نئے ہدایت کار علی عباس ظفر نے اپنی نئی فلم غنڈے کے ذریعہ آنجہانی فلم ساز یش چوپڑا کے خواب کو پورا کر دیا ہے۔یش راج بینر کے تحت بنی فلم میرے برادر کی دلہن سے بطور ہدایت کار اپنے کیرئر کی شروعات کرنے والے علی عباس ظفر کی فلم غنڈے اب ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ غنڈے آخری فلم ہے جس کی اسکرپٹ یش چوپڑا نے سنی تھی۔
اس فلم کیلئے یش چوپڑا نے علی ظفر کو کئی ضروری مشورے بھی دیئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ غنڈے کی کہانی ۸۰ کی دہائی میں کول مافیاؤں کے ارد گرد گھومتی ہے۔ یش چوپڑا نے ۸۰ کی دہائی میںکالا پتھرنام کی ایک فلم بنائی تھی جو کول مافیاؤںکے ہی ارد گرد گھومتی تھی۔ یش چوپڑا کالا پتھر کی شوٹنگ ریئل لوکیشن پر کرنا چاہتے تھے لیکن یہ ممکن نہ ہو سکا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ یش چوپڑا چاہتے تھے کہ علی ظفر غنڈے کی شوٹنگ ریئل لوکیشن پر ہی کریں اس کیلئے علی ظفر نے فلم کی شوٹنگ مغربی بنگال کے رانی گنج میں کی جو کوئلہ کھدانوں کیلئے مشہور ہے اور یش چوپڑا کاخواب پورا کردیا۔
واضح رہے کہ علی عباس کی ہدایت اور فلم ساز آدتیہ چوپڑا کی فلم غنڈے میںارجن کپور، رنویر سنگھ، پرینکا چوپڑا اور عرفان خان کا اہم کردار ہے۔ یہ فلم ۱۴؍فروری کو ریلیز ہوگی۔