نئی دہلی: 1993 کے ممبئی بم دھماکوں میں مجرم پائے گئے یعقوب میمن کو ناگپور کی سینٹرل جیل میں پھانسی دے دی گئی۔
یعقوب کو ہندوستانی وقت کے مطابق تقریباً صبح 6:30 بجے پھانسی دی گئی۔ ان کی عمر 53 سال تھی۔
یعقوب کے اہلخانہ کو ان کی لاش اس شرط پر دی گئی کہ وہ اسے کسی مظاہرے کے لیے استعمال نہیں کریں .
پھانسی سے کچھ دیر قبل سپریم کورٹ نے یعقوب کی آخری رحم کی اپیل بھی مسترد کردی تھی جبکہ ہندوستانی صدر پہلے ہی ان کی رحم کی اپیل مسترد کرچکے تھے۔
ممبئی دھماکا کیس کے مرکزی ملزم ٹائیگر میمن کے بھائی یعقوب اور دیگر گیارہ افراد کو 2007 میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔
یعقوب میمن پر1993میں ممبئی بم دھماکوں کےلئےسرمایہ فراہم کرنےکاالزام تھا۔
ان دھماکوں میں 257 افراد ہلاک جبکہ 1000 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ہندوستان کی سپریم کورٹ نے 1993 کے ممبئی بم دھماکوں کے ملزم کے بھائی یعقوب میمن کی سزائے موت کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی تھی.
یعقوب میمن کی رحم کی اپیل کی سماعت سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ میں شامل ججز اے آر دیو اور کرین جوزیف نے کی تاہم دونوں کی اپیل پر مختلف رائے ہونے کے باعث کیس لارجر بینچ کو بھیج دیا گیا۔
یعقوب میمن کی جانب سے کی جانے والی رحم کی اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وہ 1996ء سے شجوفرینیا کے مرض میں مبتلہ ہے اور گذشتہ 20 سال سے قید ہے جو کہ عمر قید کی سزا سے کہیں زیادہ ہے۔
یعقوب میمن نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایک ہی مقدمے میں کسی بھی شخص کو عمر قید کی سزا اور سزائے موت ایک ساتھ نہیں دی جاسکتی۔
ہندوستانی حکام کے مطابق ممبئی بم دھماکوں کے پیچھے ٹائیگر میمن سمیت داؤد ابراہیم اور اس کا بھائی انیس ابراہیم ملوث ہیں۔
گذشتہ دنوں یعقوب میمن کو سزائے موت دیئے جانے کے خلاف بولی وڈ اسٹار سلمان خان نے بھی مخالفت کی تھی۔
سلمان نے اپنی ٹوئٹس میں یعقوب ممین کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ٹائیگر میمن کے گناہوں کی سزا یعقوب میمن کو نہیں دی جانے چاہیے۔
سلمان کی ان ٹوئٹس نے ہندوستان میں ایک نئے تنازع کو جنم دیا تھا تاہم بعد ازاں والد سلیم خان کے کہنے پر سلمان خان نے اپنے الفاظ واپس لے لیے مذکورہ ٹوئیٹس کو ڈلیٹ کر دیا۔