دبئی: یمن کی مآرب گورنری میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں المشجع کے مقام پر کم سے کم 53 حوثی باغی ہلاک اور دسیوں زخمی ہو گئے ہیں۔ بمباری کے نتیجے میں باغیوں کے کئی ٹھکانے، گاڑیاں اور اسلحہ و گولہ بارود کے ذخائر بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتحادی طیاروں کی جانب سے مغربی مآرب میں اسکڈ میزائلوں، پانچ فوجی قافلوں اور اسلحہ و گولہ بارود لے جانے والے تین ٹرکوں پر نشانہ بنایا گیا۔ یمن کے مختلف شہروں میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے فوج اور مزاحمتی کارکنوں کی زمینی پیش قدمی بھی جاری ہے۔
یمن کے اِب اور تعز شہروں میں باغیوں کے متعدد مراکز کو تباہ کرنے کے بعد مزاحمت کار تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ مآرب گورنری میں گذشتہ روز سخت کشیدگی دیکھی گئی۔ جنوب مغربی مآرب میں الجفنیہ اور الفار کے مقامات پرباغیوں اور حکومت نواز فورسز میں خون ریز لڑائی جاری رہی۔ مآرب میں مزاحمت کاروں اور حکومتی فورسز کو تازہ فوجی کمک بھی پہنچا دی گئی ہے۔