یمن کے انسانی حقوق کے مرکز نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے یمنی عوام پر وحشیانہ مظالم ڈھائے ہیں-یمن کی خبر رساں ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق یمن کے انسانی حقوق کے مرکز نے جمعرات کے دن ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن پر حملوں کے دوران مختلف علاقوں میں طبی مراکز تک کو نشانہ بنایا ہے- بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کا کوئی بھی علاقہ سعودی عرب کی جارحیت سے محفوظ نہیں ہے- یمن کے انسانی حقوق کے مرکز کی رپورٹ کے مطابق شمالی یمن میں واقع صوبے صعدہ کو سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا ہے اور اس علاقے کا کوئی بھی حصہ سعودی عرب کی بمباری سے محفوظ نہیں رہا ہے- یمن کے انسانی حقوق کے مرکز نے انسان دوستی کی بنیاد پر کام کرنے والی دنیا بھر کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ صعدہ میں سعودی عرب کے وحشیانہ مظالم کو قریب سے دیکھنے کے لئے اس علاقے کا دورہ کریں- یمن کے انسانی حقوق کے مرکز نے خاص دنوں کے دوران یمن کے مختلف صوبوں پر سعودی عرب کے حملوں کی تعداد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں میں درجنوں یمنی شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں-