یمن کی فوج اور عوامی فورس کے جوانوں نے آل سعود کی بمباری اور جارحیت کے جواب میں سعودی عرب کے سرحدی فوجی اڈوں پر شدید حملے کئے ہیں-
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی فورس کے جوانوں نے آل سعود کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں سعودی عرب کے سرحدی فوجی اڈوں پر دسیوں میزائل اور مارٹر گولے فائر کئے ہیں- دوسری طرف سعودی عرب کی سربراہی والے اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے جمعے کو بھی ذمار اور صعدہ صوبوں نیز تعز کے علاقے پر کئی بار بمباری کی جبکہ صوبہ لحج کے العند فوجی اڈے کے اطراف میں بھی شدید لڑائی جاری ہے اور یمنی فوج اس علاقے پر اپنا مکمل کنٹرول قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے- شمالی عدن کے محاذوں پر بھی جھڑپیں ہو رہی ہیں اور سعودی لڑاکا طیارے الخضرا شہر پر مسلسل بمباری کر رہے ہیں- قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب، نو عرب ممالک کے ساتھ مل کر مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر بمباری اور بڑے پیمانے پر حملے کر رہا ہے تاکہ اس ملک کے مفرور سابق صدر عبد ربہ منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں واپس لا سکے- یمن پر سعودی عرب کے حملوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں اس ملک کی بنیادی تنصیبات، اسپتال، اسکول اور رہائشی مکانات تباہ ہو گئے ہیں اور بوڑھوں، بچوں اور عورتوں سمیت ہزاروں افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں-