یمن کے مختلف شہروں پر تازہ سعودی بمباری میں متعدد عام شہری شہید ہو گئے۔سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں نے جنگ بندی کے لئے عالمی اپیلوں کو نظرانداز کرتے ہوئے، جمعے کو بھی یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے۔ پریس ٹی وی نے یمنی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ جمعے کو دارالحکومت صنعا پر سعودی بمباری میں ایک خاتوں سمیت کم سے کم تین عام شہری شہید ہو گئے۔ اسی طرح صوبہ حدیدہ کے شہر بیت الفقیہ پر سعودی بمباری میں بھی تین عام شہریوں کے شہید ہونے کی خبر ہے۔ اسی طرح سحر نامی شہر پر بھی سعودی بمباری میں کم سے کم دو عام شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ سعودی جنگی طیاروں نے اسی طرح صوبہ صعدہ کے ضلع سقاین کے ایک اسکول پر بھی بمباری کر دی۔ اس بمباری میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات ابھی موصول نہیں ہوئی ہیں۔ سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیاروں نے اسی طرح جمعے کو صوبہ حجہ کے مختلف علاقوں اور عدن کے ہوائی اڈے پر بھی بمباری کی ہے۔ دوسری جانب جیزان میں ایک سعودی فوجی اڈے پر یمن کی فوج اور عوامی فورس کے مشترکہ حملے میں بہت سے سعودی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ پریس ٹی وی نے یمنی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ جمعے کو سعودی عرب کے سرحدی علاقے جیزان میں جلاح نامی سعودی فوجی اڈے پر یمن کی فوج اور عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے مشترکہ حملے میں بہت سے سعودی فوجی ہلاک ہو گئے۔