عدن: یمن کے جنوبی شہر مکلا میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں القاعدہ کے 3 جنگجو ہلاک ہوگئے ۔
مقامی انتظامیہ نے غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ امریکا کے بغیر پائلٹ طیارے نے مکلا پورٹ کے قریب موجود 3 القائدہ جنگجوؤں پر 4 میزائل داغے، جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
ایک سرکاری عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملے میں القاعدہ کا ایک اہم رہنما بھی ہلاک ہوا ہے۔
القاعدہ کے جزیرہ نما عرب کے جنگجوؤں نے گذشتہ کئی ہفتوں سے ملک میں سعودی عرب کی حمایت یافتہ حکومت اور حوثیوں کے درمیان جاری کشیدگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبہ حضرموت کے دارالحکومت مکلا پر قبضہ حاصل کرلیا تھا۔
امریکا کی جانب سے القاعدہ کے اس گروپ کو عالمی دہشت گرد قرار دیا جاچکا ہے اور ان کے جنگجوؤں کو یمن کے علاقوں میں ڈرون حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا جارہا ہے۔