صنعا:یمن میں حوثی باغیوں کی حمایت یافتہ فوج نے آج سعودی عرب کے ایک ہوائی اڈہ کو نشانہ بنا کر اسکڈ میزائل داغا۔حوثی باغیوں کے ٹیلی ویژن چینل نے اس کی اطلاع دی۔ اس قدم سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور سعودی عرب کے مابین چھ ماہ سے جاری جنگ تیز ہوگئی ہے ۔ ٹی وی نے کہاکہ ‘یمن کی فوج کی میزائل یونٹ نے خالد بن عبدالعزیز اڈہ کی طرف اسکڈ میزائل داغا’۔یمن سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ وسطی شہر تعز میں حکومت نواز فورسز کے حملے میں کم سے کم 15 حوثی باغی ہلاک اور 22 زخمی ہو گئے ہیں۔’العربیہ’ نیوز چینل کو ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ تعز اور اس کے آس پاس کے مقامات پر باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے جس میں دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ذرائع کے مطابق اتحادی ممالک کے جنگی جہازوں نے بھی تعز میں علی صالح ملیشیا اور حوثی جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے ۔ دوسری جانب تعز کے آزاد کرائے گئے علاقوں پر حوثیوں نے میزائل حملے کیے ہیں تاہم ان میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔