یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل کے ڈائریکٹر ابراہیم محمد الدیلمی نے امریکا پر یمن کے داخلی امور میں مداخلت کا الزام لگایا ہے-
یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل کے ڈائریکٹر ابراہیم محمد الدیلمی نے تہران میں اسلامی ریڈیو ٹی وی چینلوں کی یونین کی جنرل اسمبلی کے آٹھویں اجلاس کے موقع پر ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا سیاسی، اقتصادی اور حتی ثقافتی امور سمیت یمن کے مختلف امور میں مداخلت کر رہا ہے اور یہ سلسلہ دسیوں سال سے جاری ہے- انہوں نے یمن کے عوامی انقلاب کو صیہونیت اور مغربی سامراج کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ علاقے کے ذرائع ابلاغ کو یمن کے داخلی امور میں امریکا کی مداخلت کو وسیع کوریج دینی چاہئے- ابراہیم محمد الدیلمی نے یمن پر جاری سعودی عرب کے حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جنگ یمن کے مختلف پہلوؤں کو سامنے لانے کے لئے ایرانی ذرائع ابلاغ کی کوریج اچھی اور مکمل ہے اور یہ کہ تمام خبری ذرائع میں یمن مظلوم واقع ہوا ہے- یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل کے ڈائریکٹر نے تہران میں اسلامی ریڈیو ٹی وی چینلوں کی یونین کی جنرل اسمبلی کے آٹھویں اجلاس کے انعقاد کے بارے میں کہا کہ اس اجلاس کے مثبت اثرات بہت زیادہ ہیں اور اس کی ایک مثبت بات یہ ہے کہ اسلامی ذرائع ابلاغ ایک دوسرے کے ساتھ رابطے کے ذریعے خطے کے اہم مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کر سکتے ہیں-