نیپیئر۔پاکستان کے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان زمبابوے کے خلاف عمدہ بولنگ کے بعد ایک بار پھر حریف بیٹسمینوں کے لیے خطرے کے طور پر سامنے آئے ہیں لیکن متحدہ عرب امارات کے آل راؤنڈر امجد جاوید کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم محمد عرفان سے خائف نہیں ہے۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں نیپئر کے مکلین پارک میں مدمقابل ہورہی ہیں۔امجد جاوید کہتے ہیں کہ محمد عرفان کا انہیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔’عرفان کو ہم دبئی کے مقامی ٹورنامنٹ میں کھیل چکے ہیں اگر آپ کسی بولر کو نہ کھیلے ہوں تو یقیناً آپ کو اس کے بارے میں معلومات نہیں ہوتیں جیسا کہ ہم ڈیل اسٹین کو نہیں کھیلے ہیں۔ عرفان سے ہماری ٹیم کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور نہ ہی ہمارے کھلاڑی ان سے خوفزدہ ہیں۔‘متحدہ عرب امارات کی ٹیم
اس ورلڈ کپ میں پہلی جیت کی منتظر ہے اور امجد جاوید کو اس میچ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔