کراچی: کراچی میں اینٹی کرپشن کورٹ نے ٹڈاپ اسکینڈل میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی تمام 11 مقدمات میں عبوری ضمانت ایک ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔ 12 اکتوبر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز کراچی میں قائم اینٹی کرپشن کورٹ میں ٹڈاپ اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی جس میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اپنے وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے۔ ٹڈاپ اسکینڈل میں گزشتہ دور حکومت میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی جس پر مقدمات قائم کئے گئے جس میں سے 11 مقدمے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف کرپشن کے الزام میں قائم کئے گئے۔
عدالت نے دوران سماعت یوسف رضا گیلانی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کو ہر مقدمے میں ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کو 12 اکتوبر تک منظور کر لیا اور آئندہ سماعت 12 اکتوبر کوانہیں عدالت میں دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ اس حوالے سے تمام مقدمات ایک ہی ساتھ سننے چاہیں گے۔ جبکہ عدالت کے باہر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی عدالتوں کا سامنا کیا پھر سے کریں گے۔
حکومت مجھ پر دہشتگردی سمیت جھوٹے مقدمات قائم کر رہی ہے آج ضمانت ملنے سے ہماری اخلاقی فتح ہوئی ہے اور عدالتوں میں پیش ہوتے رہیں گے اور ان کا احترام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ملک کے لئے قربانیاں دی ہیں جبکہ ان کے بیٹے اور سلمان تاثیر کے بیٹے کو بھی دہشتگردوں نے اغواء کیا اور اتنا کچھ ہونے کے باوجود ہم پر دہشتگرد ہونے کا الزام کسی صورت قبول نہیں۔