لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بھارت رتن سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر نہرو کی ۱۲۵ویں جینتی یوم اطفال کے موقع پر کانگریس صدر دفتر میں بچوں کو مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ کانگریس صدر دفتر میں منعقد پروگرام میں سینئر رہنماؤں نے پنڈت نہرو کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کر کے ہندوستان کی تعمیر میں ان کے تعاون اور آدرشوں کو یادکیا۔ وہیں شام کو راجدھانی کے خاص چوراہوں پر کانگریس لیڈروں نے ٹریفک نظام میں تعاون کر کے شہریوں کو تحفظ کے احساس میں اضافہ کرنے اور ڈسپلن کے سلسلہ میں بیدار کیا ۔ کانگریس صدر دفتر جمعہ کو چھوٹے چھوٹے اسکولی بچوں سے بھرا رہا۔ ننھے منے بچوںکو اپنے پیارے چاچا نہرو کی تصویر دی گئی۔
اس میں ان کی پہلی تقریر کے کچھ حصے بھی شائع ہیں۔ اس کے بعد بچوں کو مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ ریاستی صدر دفتر میں ہوئے پروگرام میں رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے سنگھ، کانگریس اراکین مجلس قانون ساز کے لیڈر پردیپ ماتھر، مجلس قانون ساز کے لیڈر نصیب پٹھان، سابق وزیر رام کرشن دویدی، ستیہ دیو ترپاٹھی، ہریش باجپئی، اے پی گوتم سمیت بڑی تعداد میں کانگریسی رہنما اور کارکنان شامل تھے۔ دوسری جانب شام کو راجدھانی کے مختلف چوراہوں پر کانگریسی لیڈروںنے ٹریفک نظام سنبھالا۔ حضرت گنج چوراہے پر شام چار بجے سے چھ بجے تک ضلع صدر گورو چودھری کی قیادت میں لیڈروںنے ٹریفک بندوبست کو ٹھیک رکھنے میں تعاون پیش کیا۔ یہاں خاص طور سے مجلس قانون ساز کے لیڈر نصیب پٹھان، ستیہ دیو ترپاٹھی، انچارج انتظامیہ اومکار سنگھ، امیر حیدر، کونارک دکشت سمیت دیگر لیڈر شامل تھے۔ ناکہ چوراہے پر پربھو جیوت سنگھ بترا کی قیادت میں نسیم خان، امیش پال، ریحان، ارون کمار پرجاپتی سمیت دیگر لیڈروںنے ٹریفک بندوبست سنبھالا۔
حیدر گنج چوراہے پر سرجیت سونکر کی قیادت میں آئی ٹی چوراہے پر پنکج تیواری، پترکار پورم چوراہے پر گووند سنگھ کی قیادت میں ، عالم باغ چوراہے پر تاج محمد اور رائل ہوٹل چوراہے پر خاتون کانگریس کی عہدیداروں نے ٹریفک بندوبست ٹھیک ڈھنگ سے رکھنے میں تعاون پیش کیا ۔وہیں کانگریس مجلس قانون ساز دفتر اسمبلی میں بھی پنڈت نہرو کے یوم پیدائش پر ان کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر کانگریس مجلس قانون ساز کے لیڈر پردیپ ماتھر، نصیب پٹھان، اجے کپور، پنکج ملک، گجراج سنگھ، بنشی سنگھ پہاڑیا، پردیپ چودھری سمیت اراکین اسمبلی شامل تھے۔