لکھنؤ(نامہ نگار)یوم جمہوریہ کے پیش نظر پوری ریاست میں حفاظتی بندوبست سخت کر دیئے گئے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے چارباغ ریلوے اسٹیشن اور دیگر ریلوے اسٹیشنوں کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق چارباغ ریلوے اسٹیشن، لکھنؤ جنکشن، سٹی اسٹیشن، عیش باغ، گومتی نگر، بادشاہ نگر اور عالم نگر ریلوے اسٹیشنوں کی سیکورٹی میں اضافہ کئے جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چارباغ ریلوے اسٹیشن پر ایک کمپنی اضافی پی اے سی اور جی آر پی جوانوںکو تعینات کیا گیا ہے۔ ایس پی ریلوے پولیس کرن ایس نے بتایا کہ چارباغ اسٹیشن پر عام دنوں میں بھی بم کو ناکارہ بنانے والا دستہ ، ڈاگ اسکوائیڈ اور پولیس فورس تعینات رہتی ہے۔لیکن یوم جمہوریہ کے موقع پر چارباغ اسٹیشن پر آنے جانے والی ٹرینوں، پلیٹ فارم ، پارسل گھر اور کینٹین و دیگر مقامات پر جانچ کی جا رہی ہے۔ساتھ ہی پارکنگ میں کھڑی کی جانے والی گاڑیوںکی بھی تلاشی ہو رہی ہے۔ چارباغ اسٹیشن پر سی او، تھانہ انچارج اور دیگر افسر تعینات کئے گئے ہیں۔ کنٹرول روم میں تعینات اہلکاروں کو بھی مستعد رہنے کی ہدایت دی گئی ہے اور شہر کے ریلوے اسٹیشنوں پر ناجائز طریقے سے کھڑی گاڑیوںکو ہٹایا جا رہا ہے اور بغیر جانچ کے پارکنگ میں گاڑیاں کھڑی نہیں ہونے دی جا رہی ہیں۔ ساتھ ہی مسافروں سے بھی لاوارث اشیاء یا مشتبہ شخص نظر آنے
پر پولیس کو مطلع کرنے کی بات کہی گئی ہے۔