لکھنؤ(نامہ نگار)گورنررام نائک نے یوم شہید کے موقع پر اپنا خراج عقید پیش کرتے ہوئے کہاکہ مہاتماگاندھی کے تئیں سچاخراج عقیدت انکی اچھائیوںکوحاصل کرنے سے ہوگا۔ ہمیں اپنے اخلاق میں بہتری لانے کیلئے سوچنا ہوگا۔آج کے دن کی خاصیت ہے کہ ہم باپو کی برسی پرانھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ دوسری جانب آج کادن یوم جذام کی شکل میں بھی منایا جاتاہے ۔ گاندھی جی صفائی اورجذام متاثرین کی خدمت کیلئے معنون تھے۔ جذام متاثرین کو ان کاحق ملنا چاہئے اور سوچھ بھارت مہم کورفتار دی جائے ۔یہی مہاتما گاندھی کے تئیں سچاخراج عقید ت ہوگا۔ گورن
ر نے کہا کہ آج کادن ملک کی آزادی میں شہید ہونے والے تمام شہیدوں کو یادکرنے کادن ہے ۔سوراج کو بہتر نظام میںتبدیل کرنے کی ذمہ داری آج بھی مستقبل کی نسلوں پرعائد ہے ۔مہاتماگاندھی نے کھادی سودیشی نمک ستیہ گرہ اور صفای کے ذریعہ سے جوراستہ دکھایاتھا آج بھی اس کی افادیت ہے ۔
بابائے قوم مہاتماگاندھی کی ۶۷ویں برسی پرجمعہ کومتعددتنظیموںنے ان کویاد کرکے خراج عقیدت پیش کیا سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) ،گاندھین پیپلس ،مہاتما گاندھی وچار منچ نے حضرت گنج واقع ان کے مجسمہ پرگلپوشی کی۔ایس ڈی پی آئی نے ملک گیر مہم کی کڑی میں’گاندھی کے قاتل‘ملک کے قاتل ‘کااہتما م کیا۔ اس دوران ریاستی صدر شرف الدین احمد نے کہا کہ تقسیم کاری طاقتوںنے حملہ کرکے نہ صرف گاندھی جی کاقتل کیا بلکہ ملک کی سماجی ،خیر سگالی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کاسینہ چھلنی کیاہے ۔انھوںنے کہا کہ باپو کے یوم شہادت کو گاندھی کے قاتل ملک کے قاتل کے طورپریادکرنابہت مناسب ہے۔
گاندھین پیپلس پارٹی کے عہدے داروںنے کہا کہ جس طرح بابائے قوم نے اہنسا پرچل کر ملک کوآزاد کرایا وہ کسی کے بس کی بات نہیں ہوسکتی۔ آج ہم آزادی کی سانس لے رہے ہیں تووہ گاندھی جی کی بدولت۔گاندھی وچار منچ کے کارکنوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیںان کے آدرشوںاوراصولوںپرچلنے کا عہد لینا چاہئے ۔ جس سے ان کے خوابوںکا ہندوستان تعمیر ہوسکے ۔ انھوںنے کہا کہ مہاتماگاندھی ایسی عظیم شخصیت تھے جنھوں نے سچائی اہنسا، کا راستہ پوری دنیا کودکھایا اورخود اس کااستعمال ملک کی آزادی کے دوران کیا۔
راشٹریہ لوک دل کے ریاستی صدرمناسنگھ چوہان کی موجودگی میں پارٹی عہدے داروں اور کارکنوںنے بابائے قوم مہاتماگاندھی کے ۶۷ ویں یوم شہیداں کے موقع پران کی تصویر پرگل پوشی کرکے انھیں منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر چوہا ن نے کہا کہ مہاتماگاندھی نے سچائی اوراہنسا کے بل پرملک کوآزادکرایاتھا لیکن آج کچھ سیاسی پارٹیوںکے ذریعہ اپنے مفاد کیلئے ملک اورریاست میں بدعنوانی پیداکرکے آپسی خیر سگالی کو بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ آج ملک میں اسمارٹ سٹی کی بات ہورہی ہے لیکن گائوںکی ترقی میں کوئی کوشش نہیں ہورہی ہے ۔ گاندھی جی نے گائوں کی ترقی پرزوردیاتھا۔
حقیقت میں کسان مسیحاچودھری چرن سنگھ نے گاندھی جی کی تقلید کی اور گائوںسے لے کر پورے ملک کی ترقی کیلئے بے مثال تعاون دیا۔ اس موقع پرریاستی ہیڈکوارٹر پرمنعقد جلسہ میں ریاستی صدر منا سنگھ چوہان سمیت تمام کارکنوںنے دومنٹ خاموش رہ کر ان کے ذریعہ بتائے گئے سچائی اوراہنساکے راستے پرچلنے کاعہد کیا۔ اس موقع پررکن اسمبلی بھگوتی پرشاد سوریہ ونشی ، رماوتی تیواری ، بی ایل پریمی ، لکشمی گوتم، روی پرکاش سینی، رام پال سنگھ یادو، امیش چندر شریواستو، اشوک ترپاٹھی، کلدیپ یادو،ہریند رسنگھ، ابھیشیک یادو ، وشوناتھ یادو، ونود گوتم، اور شبھم تیواری نے بھی ان کی تصویر پر گلپوشی کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔
بابائے قوم مہاتماگاندھی کی برسی جمعہ کوجنتادل یونائیٹڈ کے ریاستی دفتر میں منائی گئی۔ گاندھی جی کے مجسمہ پرگلپوشی کرکے انھیں خراج عقیدت پیش کیاگیا۔مقررین نے گاندھی جی کی شخصیت اور کارناموں پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی سچائی اوراہنساکے پجاری تھے ۔