نئی دہلی (وارتا) ٹیلی مواصلات خدمات فراہم کرنے والی کمپنی یونینار نے انٹر نیٹ فار آل (آئی ایف اے) مقابلہ ۲۰۱۴ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مقابلے میں کامیاب دو امیدواروں کو ناروے میں منعقد ہونے والے ٹیلینار یو تھ چوٹی کانفرنس میں ہندوستان کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔ کمپنی نے آج یہاں بتایا کہ اس مقابلے میں ۱۸سے ۲۵ برس عمرکے نوجوان حصہ لے سکتے ہیں۔ انٹر فار آل مقابلہ ڈجیٹل دنیا میں زیادہ وقت گزارنے والی اس نسل کو تکنیک الگ طریقہ سے استعمال کرکے معاشرتی ضرورتوں کاحل تلاش کرنے، معاشرے کو بااختیار بنانے اور دنیا میں امن و ترقی
کی مثبت فکر کو فروغ دینے میں مدد کرنے کیلئے ترغیب دیتا ہے۔ اس مقابلے میں شامل ہونے کیلئے درخواست کی آخری تاریخ ۳۱؍اگست ۲۰۱۴ مقرر کی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق مقابلے کے لئے موصول درخواستوں کی ابتدائی جانچ کے بعد پہلا فیصلہ کن راؤنڈ ساتھ شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔ ان شہروں میں لکھنؤ،دہلی،پونے،آگرہ، احمدآباد، حیدرآباد اور پٹنہ شامل ہیں۔ یہاں سے ایک ایک کامیاب امیدوار کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس کے بعد پہلے دور کے ان ساتوں کامیاب امیدواروں کو آئندہ ۹ اکتوبر کو دہلی میں منعقد ہونے والے آخری راؤنڈ میں شامل کیا جائے گا اور ان میں سے تین امیدواروں کا فاتح کی حیثیت سے اعلان کیا جائے گا۔ مقابلے کے اول فاتح کو ایک لاکھ روپئے کے نقد انعام کے ساتھ ٹیلینار یوتھ چوٹی کانفرنس میں حصہ لینے کے لئے اوسلوکا سفر کرنے کا موقع ملے گا جس کے تمام اخراجات یونینار کمپنی برداشت کرے گی۔ اس طرح دوسری کامیاب امیدوار کو ۵۰ ہزار روپئے نقد اور اوسلو کے سفر کا موقع دیاجائے گا۔ اس کے اخراجات بھی کمپنی کے ذمہ ہوں گے۔تیسرے کامیاب امیدوار کو ۵۰ ہزار روپئے کا نقد انعام ملے گا۔