پٹنہ، 29 جنوری (یو این آئی) پٹنہ یونیورسٹی میں آج ہونے والی سنیٹ میٹنگ کے خلاف احتجاج کرنے والی طلبہ تنظیموں سے وابستہ طلبہ و طالبات پر پولس نے لاٹھی چارج کیا جس میں چند طلبہ زخمی ہوگئے ۔ راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کی اسٹوڈینٹ آرجے ڈی، آل انڈیا اسٹوڈینٹ ایسوسی ایشن (آئیسا) سمیت تین طلبہ تنظیمیں اپنے مطالبات کی حمایت میں سینٹ کی میٹنگ کے خلاف احتجاج کررہی تھیں۔ پٹنہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وائی سی سمہادری کی صدارت میں آج دس بجے جیسے ہی سنیٹ کی میٹنگ شروع ہوئی، طلبہ و طالبات نے ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی شروع کردی۔
طلبہ کو منتشر کرنے کی کوشش کے دوران پولس اور طلبہ و طالبات کے درمیان جھڑپ ہوگئی، جس کے بعد پولس لاٹھی چارج کرکے طلبہ کو منتشر کردیا۔ دریں اثناء چند طلبہ کو ہلکی چوٹیں بھی آئیں۔ تقریبا دو گھنٹے تک یونیورسٹی کے نزدیک اشوک راج پتھ پر افراتفری کی حالت رہی۔ واضح رہے کہ طلبہ و طالبات نے طلبہ تنظیم کے انتخاب، ہاسٹلوں کی مرمت، 180 دن پڑھائی کو یقینی بنانے ، یونیورسٹی کی تمام لائبریریوں کو ای-لائبریری میں تبدیل کرنے اور طلبہ و طالبات پر فرضی مقدمہ واپس لینے کے مطالبے پر احتجاج شروع کیا ہے ۔